ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جاسٹا ایکٹ کے ذریعے امریکا نے عالمی قوانین نظرانداز کئے:روس

جاسٹا ایکٹ کے ذریعے امریکا نے عالمی قوانین نظرانداز کئے:روس

Sat, 01 Oct 2016 16:48:09    S.O. News Service

نیویارک،یکم اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)امریکی کانگریس کی جانب سے دہشت گردی کی سرپرستی سے متعلق ایک متنازع قانون کی منظوری پر عالمی سطح پر شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔ امریکا میں جاسٹا کے نام سے مشہور اس متنازع قانون پر روس نے شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے امریکی پالیسی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ روسی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جاسٹا ایکٹ کی منظوری کے ذریعے امریکا نے عالمی قوانین کو مکمل طور پر نظر انداز کردیا ہے۔روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ جاسٹا ایکٹ کی آڑ میں دہشت گردی کی سرپرستی کے شبے میں کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف عالمی عدالتوں میں مقدمات قائم کیے جا سکیں گے۔ اس متنازع قانون کے ذریعے صرف امریکیوں کے تحفظ کی بات کی گئی ہے اور عالمی قوانین کے تحت دوسرے ملکوں کو حاصل خود مختاری اور استثنیٰ کو نظرانداز کیا گیا ہے۔ ملکی خود مختاری کے اصولوں کی مخالفت پرمبنی جاسٹا قانون کو عقل سلیم بھی تسلیم نہیں کرتی۔خیال رہے کہ حال ہی میں امریکی کانگریس نے جاسٹا نامی ایک متنازع قانونی بل پر رائے شماری کا فیصلہ کیا تو امریکی صدر باراک اوباما اور ان کی حکومت کی اس کی پرزور مخالفت کی تھی۔ صدر اوباما کی طرف سے کانگریس میں جاسٹا پر رائے شماری ویٹو کرنے کی کوشش کی گئی مگر سینٹ اور ایوان نمائندگان نے صدر کے ویٹو کو مسترد کردیا تھا۔


Share: